ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاپ میں دستیاب ہوئی ایک ادھ جلی لاش۔ قتل ہے یاخودکشی؟ بنا ہوا ہے معمہ !

کاپ میں دستیاب ہوئی ایک ادھ جلی لاش۔ قتل ہے یاخودکشی؟ بنا ہوا ہے معمہ !

Mon, 11 Feb 2019 22:12:21    S.O. News Service

کاپ 11؍فروری (ایس او نیوز)کاپ پولیس اسٹیشن کے حدود میں ماجور ریلوے پُل کے قریب ایک اجنبی مرد کی ادھ جلی لاش دستیاب ہوئی ہے جس کے بارے میں ابھی کوئی نتیجہ نکل نہیں پایا ہے کہ یہ خودکشی ہے یا قتل کا معاملہ ہے ۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق جو لاش دستیاب ہوئی ہے اس کی عمر کا اندازہ 40تا45سال لگایا گیا ہے۔یہ لاش ایسی جگہ ملی ہے جہاں پر لوگوں کی آمد ورفت آسانی سے نہیں ہوسکتی، اور جنگلی جھاڑیوں کی وجہ سے وہ ایک ویرانہ سا ہے۔یہی وجہ ہے کہ عوام کے دماغ میں اس لاش کے سلسلے میں کئی شکوک و شبہات جنم لے رہے ہیں۔بتایاجاتا ہے قریبی علاقے میں رہنے والی ایک لڑکی نے اتوار کے دن صبح میں ریلوے ٹریک کے اس پار جنگلی جھاڑیوں میں آگ جلتی دیکھی اور اپنے والد کو اس کی خبر کردی۔لڑکی کے والد گنیش نے جب اس جگہ پہنچ کر دیکھاتو ایک لاش جل رہی تھی۔ فوری طور پر دوسرے لوگ بھی جمع ہوگئے اور پولیس کو اطلاع دے دی گئی۔ اس کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھادی، اور ادھ جلی لاش کواپنے قبضے میں لیتے ہوئے پوسٹ مارٹم کے لئے منی پال اسپتال میں روانہ کردیا۔

ابتدائی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ لاش کے منھ پر ایک توال لپیٹا ہوا تھا۔جبکہ اس کی کمر کے حصے کی طرف پیٹ سے آنتیں باہر نکلی ہوئی تھیں۔اس کی بنیاد پر قتل کرنے کے بعد نذر آتش کیے جانے کے شبہ کو تقویت مل رہی ہے۔لاش کے قریب سے ایک لنگی کا ٹکڑا، ایک گٹکا پاکٹ اور ایک بیڑی کا بنڈل بھی دستیاب ہوا ہے۔ لاش کو جلانے کے لئے کیروسین یا پیٹرول استعمال کیے جانے کی کوئی علامت نہیں پائی گئی ہے۔چونکہ آگ میں جلنے کی وجہ سے لاش کا چہرا بری طرح بگڑ گیا ہے اس لئے اس کی پہچان ممکن نہیں ہوسکی۔

کاپ پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرلینے کے بعد اس سمت میں مزید تحقیقات کی جارہی ہے اور کسی نتیجے پر پہنچنے کے لئے پوسٹ مارٹم اور فارنسک جانچ رپورٹ کا انتظار کیا جارہا ہے۔


Share: